لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)میں ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں، 14 سابق ٹکٹ ہولڈرز نے اپنا گروپ تشکیل دے دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق تحریک انصاف کے ناراض ارکان نے بلال اسلم بھٹی کی لاہور رہائش گاہ پر آج شام اجلاس طلب کر لیا ہے،پارٹی میں نظریاتی ورکرز کو نظر انداز کرنے والے مزید ارکان سے رابطے کئے گئے ہیں۔اس گروپ میں مزید رہنماوں نے بھی گروپ میں شامل ہونے کیلئے رضا مندی ظاہر کر دی ہے،سابق ٹکٹ ہولڈر نے عمران خان کے لیگل ایڈوائزر انیس علی ہاشمی کو ملاقات کیلئے خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ناراض ارکان کے اجلاس میں بلال اسلم بھٹی،سلمان شعیب،خالد گھرکی،ارشاد ڈوگر شامل ہوں گے،طارق ثنا باجوہ ،طارق سعادت،ضمیر،علی محمد،جاوید انور،امین ذکی اور اعجاز یوسفزئی بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔اجلاس میں لاہور کی ٹکٹ کے لیے نظرثانی اپیلوں کو نہ سننے پر حکمت عملی بنانے پر غور کیا جائے گا،سلمان شعیب کا کہناتھا کہ حلقوں میں بڑے مارجن سے ہارنے والے امیدواروں کو دوبارہ ٹکٹ دیا گیا۔
