امریکہ سے آئی خوشخبری،ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو پاکستان کی بیٹی عافیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے ویزا مل گیا

اسلام آباد (پاکستان ٹائم) امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کیلئے ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو امریکہ کا ویزا مل گیا ہے اور ممکنہ طور پر فوزیہ صدیقی رواں ماہ کے آخر میں امریکہ روانہ ہوں گی تاہم وزارت خارجہ کے نمائندہ نے عدالت میں موقف اپنایا کہ جیل انتظامیہ بتاچکی ہے کہ عافیہ صدیقی اپنی فیملی سے رابطہ ہی نہیں کرنا چاہتی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز نے عافیہ صدیقی کی پاکستان منتقلی کی درخواست کی سماعت کی جس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کو امریکی ویزا مل چکا ہے ، وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ فوزیہ صدیقی کی عافیہ صدیقی سے 29 سے31 مئی تک امریکی جیل میں ملاقات ہوگی تاہم وہ اکیلی نہیں ہوں گی،ان کے ساتھ امریکی وکیل کلائیو اسمتھ بھی عافیہ صدیقی سے ملاقات کریں گے۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کے لیے انڈیپینڈنٹ ڈاکٹر ہونا چاہیے جس پر عدالت نے حکم دیا کہ وزارت خارجہ ڈاکٹرکی فراہمی کے لیے مدد کرے۔ امریکی وکیل کلائیو اسمتھ یقین دہانی کرائیں گےکہ معلومات کیس کے علاوہ استعمال نہیں ہوگی، امریکی وکیل کے ساتھ معلومات شیئرکرنےکا مقصد یہ ہے کہ وہ کیس تیار کرسکیں۔عدالت نے فوزیہ صدیقی کو ہدایت کی کہ جب کبھی کوئی مسئلہ ہو تو درخواست دیں، اگلے دن سن لیں گے اور مزید کارروائی 30 جون تک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں