کراچی (پاکستان ٹائم) شہر قائد میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کی کل 246 میں سے 240 نشستوں کے غیر حتمی اورغیرسرکاری نتائج سامنے آگئے ہیںجن کے مطابق بادی النظر میں پاکستان پیپلزپارٹی کو میئرشپ ملنے کی امید ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق کراچی میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں جن کے مطابق 11 میں سے 7 یونین کونسلز میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا ہے۔غیر حتمی اطلاعات کے مطابق پیپلز پارٹی نے 98، جماعت اسلامی نے87 اور تحریک انصاف نے43 سیٹں جیتی ہیں جبکہ مسلم لیگ ن نے 7، جے یوآئی (ف) نے تین ،تحریک لبیک اور آزادامیدوار نے ایک ایک سیٹ اپنے نام کی ہے۔ 6 یونین کمیٹیز کی نشستوں پر نتائج کا معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے۔دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی سے لے کر کشمور تک، عوام نے ایک بار پھر پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، تاریخی کامیابی ہے کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت تمام ڈسٹرکٹ چیئرمین جیالے ہوں گے، یہ کامیابی عوام کے اعتماد، شہید قائدین و کارکنان کی قربانیوں اور جیالوں کی محنتوں کا ثمر ہے، جیالوں کے کندھوں پر ذمہ داریاں بڑھ گئیں، عوام کی بلاامتیاز خدمت ہی ہمارا شعار ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت دی کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین و کونسلرز صوبے کی ہر گلی اور محلے کو ترقیاتی عمل کا حصہ بنائیں، پارٹی کے منتخب نمائندے یہ ازبر کر لیں کہ ہر گلی میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا گھر ہے اور ہر محلہ قائدِ عوام کا ہے، مجھے ہر عام پاکستانی کا گھر اسی طرح عزیز ہے، جیسے بلاول ہاو¿س، جیالو! کمر کس لو، عوامی خدمت کو نئی بلندیاں اور اقدار کا نیا معیار قائم کرنا ہے۔
