اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری پر حکمران جماعت مسلم لیگ ن کا رد عمل بھی آ گیا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر مسلم لیگ ن کے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ سے ٹوئٹ میں عمران خان کی گرفتاری کی خبر شیئر کی گئی ہے اور لکھا گیا ہے کہ توشہ خانہ سے تحائف چوری کرکے نہ صرف عمران خان نے غیر قانونی طور پر مال بنایا بلکہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بھی بنا، ایسے قومی مجرم کا ٹھکانہ صرف جیل ہی ہے۔ساتھ ہی تصویر شیئر کی گئی جس میں عمران خان کو توشہ چور لکھا گیا، توشہ خانہ چور کی چوری پکڑی جا چکی ہے اب چور کا ٹھکانہ جیل ہو گا۔دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی چیئرمین پر تشدد کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوٹسز کے باوجود عمران خان پیش نہیں ہوئے،قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر نیب کی جانب سے گرفتاری کی گئی ہے،ان پر کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطہ سے رینجرز نے نیب کے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔
