اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا، پولی کلینک ہسپتال کے سات رکنی میڈیکل بورڈ کی سربراہی ڈاکٹر فرید اللہ شاہ کریں گے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق عمران خان کو گرفتاری کے بعد نیب آفس میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری کے بعد ڈاکٹر فرید اللہ شاہ کی سربراہی میں سات رکنی میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے،میڈیکل بورڈ میں شعبہ امراض دل، آرتھو اور میڈیکل کے ڈاکٹرز شامل ہیں۔میڈیکل بورڈ میں بورڈ میں میڈیسن اور پتھالوجی کے ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔ دوسری طرف انسپکٹر جنرل( آئی جی) پولیس اسلام آباد نے کہا ہے کہ عمران خان کو نیب راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے، عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے وقت قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں اور وکلا کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔اس دوران کئی وکلا اور عمران خان کے ذاتی سیکیورٹی گارڈز زخمی بھی ہوئے ہیں ۔دوسری طرف عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی گوہر نے بھی دعویٰ کیا کہ رینجرز نے عمران خان کے سر اور ٹانگ پر تشدد کیا، عمران خان کو گرفتار کرنے والے سب رینجرز اہلکار تھے، عمران خان کے زخمی ٹانگ پر تشدد کیا گیا۔
