اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے،اس سے قبل سابق وفاقی وزرا اسد عمر(اسلام آباد)،سید علی حیدر زیدی(کراچی) اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ(لاہور) کو بھی حراست میں لیتے ہوئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا ۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دوسری بار پولیس کو چکمہ دینے میں ناکام ہو گئے اور پولیس نے شاہ محمود قریشی کو ریڈ زون سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کو 3 ایم پی او کے تحت 15 دن کے لیے گرفتار کیا گیا ہے۔اس سے قبل شاہ محمود قریشی کو وکلاء اور انکے ساتھیوں نے گرفتاری سے بچا لیا تھا تاہم اسد عمر پولیس کے ہتھے چڑھ گئے اور سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کر لیا تھا،پولیس نے شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم وکلاء اور ان کے ساتھیوں نے پولیس کو چکمہ دے دیا تھا،جس کے بعد شاہ محمود قریشی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی گاڑی میں بیٹھ کر اسلام آباد ہائیکورٹ سے روانہ ہوگئے تھے تاہم اب انہیں باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔دوسری طرف پولیس نے لاہور سے سابق صوبائی وزیر صحت اور تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو بھی گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے،اس سے قبل پولیس نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور سابق ایم پی اے میاں اکرم عثمان کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔ذرائع کے مطابق فواد چوہدری،حماد اظہر،سینیٹر اعجاز چوہدری،میاں محمود الرشید،میاں اسلم اقبال سمیت دوسرے رہنماوں کی گرفتاریوں کا ٹاسک بھی پولیس کو دے دیا گیا ہے۔
