عمران خان سپریم کورٹ پیش

اسلام آباد (خصوصی وقائع نگار)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان سپریم کورٹ پہنچ گئے ،پولیس کی بھاری نفری سپریم کورٹ میں تعینات،ڈاکٹر بابر اعوان سمیت وکلاء کی بڑی تعداد بھی سپریم کورٹ میں موجود ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ایک گھنٹے میں عدالت پیش کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد پولیس سابق وزیر اعظم کو پولیس لائنز سے لے کر سپریم کورٹ پہنچ گئی ہے تاہم پولیس ساڑھے چار بجے کی بجائے پانچ بجکر 44 منٹ پر سپریم کورٹ کے احاطہ میں پہنچی۔اس سے قبل پولیس لائنز سے عمران خان کو بھاری نفری کے ساتھ سپریم کورٹ لیجایا گیا،اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشن،ایس ایس پی آپریشن،ایلیٹ کمانڈوز، رینجرز کی بھاری نفری بھی عمران خان کے قافلے کے ساتھ گئی،عمران خان کو پولیس لائن کے عقبی دروازے سے لیجایا گیا ،پولیس لائن کے باہر میڈیا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی،عمران خان کی سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کا انسداد دہشتگردی سکواڈ عدالت کے اطراف موجود ہے جب کہ پولیس کی جانب سے عدالت کے باہر سے غیر معینہ گاڑیوں کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔سپریم کورٹ میں عمران خان کی گرفتاری کو گزشتہ روز چیلنج کیا گیا تھا جس میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی تاہم رات گئے فواد چوہدری کو بھی سپریم کورٹ سے باہر نکلتے ہی حراست میں لیتے ہوئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں