اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کی’مصدقہ اطلاعات‘پر پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے ایک بار پھر ملک گیر احتجاج کی کال دے دی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کی تیاریوں کی مصدقہ اطلاعات ہیں جس کے پیش نظر ملک گیر پرامن احتجاج کی کال دے دی گئی۔اس ضمن میں پی ٹی آئی کے علاقائی،ضلعی اور مقامی ذمہ داران کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں،نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد کارکنان ملک گیر پر امن احتجاج کیلئے نکلیں۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ کارکنان عوام کو متحرک کریں اور ملک بھر میں ضلعی اور مقامی ہیڈ کوارٹرز پر بھرپور پر امن احتجاج کریں۔بیان میں کہا گیا کہ مکمل طور پر پرامن رہیں گے مگر عمران خان کو بدترین ریاستی انتقام کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں القادر ٹرسٹ کیس میں ضمانت کے لئے موجود ہیں جبکہ پنجاب پولیس کی بھاری نفری عمران خان کو گرفتار کرنے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ چکی ہے،رینجرز اور ایلیٹ کمانڈوزکے تازہ دم دستے بھی اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے ہیں جبکہ سری نگر ہائی وے پر تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں ،پولیس کی جانب سے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ وقفے وقفے سے شیلنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔