سینیٹرساجد میر نے سپریم کورٹ سے نا قابل یقین اور حیران کن مطالبہ کر دیا

لاہور ( وقائع نگار خصوصی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ ججز کے جانب دارانہ رویوں کے خلاف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) نے احتجاج اور دھرنے کا فیصلہ کیا ہے،بحران کا ایک ہی حل ہے کہ سپریم کورٹ پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کے حکم کو واپس لے اور اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
اس امر کا اظہار انہوں نے مرکز اہل حدیث راوی روڈ میں پارٹی کی مرکزی کابینہ و عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس میں ناظم اعلی سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم،نائب امیر مولانا ابوتراب سمیت ملک بھر سے ارکان عاملہ نے شرکت کی۔پروفیسر ساجد میر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی طرف سے پر تشدد مظاہروں میں فوجی و قومی املاک اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت اقدام اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جس طرح لاڈلے کو ضمانتیں دی گئیں اس کی مثال دنیا کی کسی عدالت میں نہیں ملتی،کورٹس کے ان رویوں کودیکھ کر پی ڈی ایم نے انتہائی اقدام اٹھایا ہے،اسی طرح 14مئی کے انتخابات کے انعقاد کا نادر شاہی فرمان جاری کرنا،سٹیٹ بنک کو انتخابات کرانے کے لیے پیسوں کی ادائیگی اور سیکورٹی کے لیے اداروں کو مجبور کرنا اور اس پر حکومتی موقف سنے بغیر یک طرفہ فیصلے کرنا نا انصافی پر مبنی رویہ ہے۔اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے مرکزی امیر پروفیسر ساجد میر اور ناظم اعلی حافظ عبدالکریم کی خدمات کا اعتراف کیا گیا اور قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ جماعتی نظم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں