اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)جوڈیشل کمیشن نے اقبال حمید الرحمان کو چیف جسٹس وفاقی شریعت کورٹ بنانے کی منظوری دے دی۔اقبال حمید الرحمان اس سے قبل سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے بھی جج رہ چکے ہیں۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں شرکاء نے اقبال حمید الرحمان کو چیف جسٹس وفاقی شریعت کورٹ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔جوڈیشل کمیشن نے اقبال حمید کی متفقہ طور پر تقرری کی منظوری دی جس کے بعد حتمی منظوری کے لئے معاملہ پارلیمانی کمیٹی کوبھجوا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اقبال حمید الرحمان اسلام آباد ہائی کورٹ کے پہلے چیف جسٹس رہ چکے ہیں جبکہ ان کے والد بھی چیف جسٹس سپریم کورٹ کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں،جسٹس اقبال حمید الرحمان سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس حمود الرحمان کے بیٹے ہیں جو سقوط ڈھاکہ کے بعد پاکستان کے چیف جسٹس بنے۔جسٹس اقبال حمید الرحمان 25 ستمبر 1956کو مشرقی پاکستان کے شہر ڈھاکہ میں پیدا ہوئے لیکن 1960 میں اپنے والد جسٹس حمودالرحمان کی سپریم کورٹ میں تقرری ہونے پر مغربی پاکستان شہر لاہور منتقل ہوگئے۔اقبال حمید الرحمان نے ابتدائی تعلیم کے بعد لاہور سے ہی قانون ڈگری حاصل کی اور 1981میں وکالت شروع کی 30 اکتوبر2006 میں جسٹس اقبال حمید الرحمان کو لاہور ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا۔جسٹس اقبال الرحمان ہائی کورٹ کے جج کے علاوہ الیکشن کمیشن کے رکن کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیئے۔