کراچی(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایسے تمام افراد جو براہ راست کسی کارروائی میں ملوث نہیں انہیں فوری رہا کیا جائے،خاص طور پر خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے، انہیں بھی فوری رہا کیا جائے، آصف زرداری نے کہا تھا ہم کسی ایک فرد کو بھی سیاسی بنیاد پر گرفتار نہیں کریں گے، سیاسی وابستگی کی بنیاد پر گرفتاری قابل مذمت ہے۔
کراچی کی مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 دنوں میں محض 10 لاکھ لوگوں کو شمار کیا ، 16 ہزار کے عملے نے ایک لاکھ گھروں کی خانہ شماری کی، جب کہ شہر میں 38 ہزار ہائی رائز عمارتیں ہیں جہاں عملہ گیا ہی نہیں، مردم شماری کا عملہ نارتھ ناظم آباد میں فارم دے کر چلا گیا،ایس او پی کے مطابق خانہ شماری ڈیجیٹل ہونا تھی لیکن انہوں نے فارم دیے اور چلے گئے،پیپلز پارٹی کو شہروں کی آبادی کی کوئی فکر نہیں،اندرون سندھ کے کون سے ایسے شہر ہیں جنہیں دیکھنے کے لیے باہر سے لوگ آتے ہیں،حقوق کی بات کریں تو پیپلز پارٹی اسے لسانی رنگ دیتی ہے،ہم چاہتے تو الطاف حسین سے سمجھوتہ کر لیتے لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا،البتہ بے نظیر الطاف بھائی بھائی کا نعرہ سب کو یاد ہے۔
