فواد چوہدری کی رہائی اور دوبارہ گرفتاری کی کوشش،اسلام آباد ہائی کورٹ سے پریشان کن خبر آ گئی

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنما فواد چوہدری کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا،فواد چودھری جیسے ہی احاطہ عدالت سے باہر آئے تو انہیں دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی،اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما نے دوڑ لگا دی اور دوبارہ کمرہ عدالت میں پہنچ گئے،فواد چوہدری کی حفاظتی ضمانت اور توہین عدالت کی درخواست دائر،فواد چوہدری نے بائیو میٹرک کروا لی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق فواد چوہدری کو بکتر بند گاڑی میں اسلام آباد ہائی کورٹ پیش کیا گیا جہاں جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے مذکورہ درخواست پر سماعت کی۔فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے نقص امن کے تحت فواد چوہدری کی گرفتاری کالعدم قرار دے دی اور ان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی رہائی کا حکم جاری کیے جانے کے چند لمحے بعد ہی دارالحکومت کی پولیس نے انہیں پھر گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے رہائی کا حکم صادر کیے جانے کے بعد فواد چوہدری اپنے گھر جانے ہی والے تھے کہ ایلیٹ فورس نے ان کی گاڑی کا راستہ روکا جس کے بعد تحریک انصاف کے رہنما نے فوراً اپنی گاڑی کا دروازہ کھولا اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے میں داخل ہو گئے۔فواد چوہدری وہاں سے دوڑتے ہوئے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت میں پہنچ گئے،اس موقع پر فواد چوہدری کی سانس پھول گئی اور ان کے لئے چلنا بھی دشوار ہو گیا ،وکلاءفواد چوہدری کو سہارا دیتے ہوئے عدالت کے اندر لے گئے اور تحریک انصاف کے رہنما کی حفاظتی ضمانت کی منظوری کے حوالے سے عدالتی حکم کا انتظار کیا جا رہا ہے،فواد چوہدری کے وکلا کی جانب سے سابق وزیر اطلاعات کی حفاظتی ضمانت اور توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے جبکہ فواد چوہدری نے اس سلسلہ میں بائیو میٹرک بھی کروا لی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں