شیری مزاری رہائی کے بعد پھر گرفتار،سینیٹر فلک ناز بھی دوبارہ شکنجے میں آ گئیں

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی مرکزی رہنما شیری مزاری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر رہائی کا پروانہ ملا تاہم پولیس نے انہیں رہا ہونے کے فوری بعد دوبارہ گرفتار کر لیا ہے ،دوسری طرف پولیس نے سینیٹر فلک ناز کو بھی رہا ہوتے ہی پھر گرفتار کرتے ہوئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری اور سینیٹر فلک نازکو فوری رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا آرڈر کالعدم کر دیا۔عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کی عدالت میں نہ سیاستدان بچانے کے لیے ہوں گے نہ کوئی اور، جس مٹیریل کی بنیاد پر تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا حکم ہوا وہ پٹیشنر کو بھی دیں، یہ بھی بتائیں اگر اس میٹریل پر تھری ایم پی او کا آرڈر نہ ہو تو کس مواد پر ہو گا؟عدالت کے حکم پر مچلکے جمع ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے دونوں خواتین کو رہا کیا گیا تاہم جیل سے باہر نکلنے کے ساتھ ہی پولیس کی بھاری نفری نے ایک بار پھر شیری مزاری اور سینیٹر فلک ناز کو حراست میں لیتے ہوئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ۔دوسری طرف تحریک انصاف کے آفیشل اکاونٹ سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ©©”ریاست کی وحشت عروج پر ،ڈاکٹر شیریں مزاری اور سینیٹر فلک ناز چترالی کو رہائی کے فوراً بعد دوبارہ سے اٹھا لیا گیا ،ڈاکٹر شیریں مزاری اور سینیٹر فلک ناز چترالی کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کیا گیا ،ڈاکٹر شیریں مزاری اور سینیٹر فلک ناز چترالی کو اسلام آباد پولیس کے مسلّح اہلکاروں نے گرفتار کیا ۔اسلام آباد پولیس کے اہلکار ڈاکٹر شیریں مزاری اور سینیٹر فلک ناز چترالی کو لیکر نامعلوم مقام کی جانب روانہ ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر شیریں مزاری اور سینیٹر فلک ناز چترالی کو اب سے کچھ دیر قبل ہی رہا کرنے کے احکامات صادر کئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں