اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ خان نے نورخان ائیربیس پر سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداود کا استقبال کیا۔اپنے دورے کے دوران سعودی نائب وزیر داخلہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کریں گے،یہ منصوبہ حجاج کو آسان اور پریشانی سے پاک امیگریشن فراہم کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔اس پراجیکٹ کے تحت حجاج کو آسان اور بلا رکاوٹ ایمگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔اس منصوبے کا آغاز اسلام آباد ائیرپورٹ سے کیا جا رہاہے۔اس سال چالیس ہزار حجاج اس منصوبے سے مستفید ہوں گے،اس سہولت کا جلد دوسرے بڑے شہروں میں بھی آغاز کیا جائیگا تا کہ زیادہ سے زیادہ حجاج اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔سعودی نائب وزیر داخلہ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف،وفاقی وزیر برائے نارکوٹیکس کنٹرول اور آرمی چیف سے بھی ملاقات کریں گے۔
