عمران خان کو جھٹکے پر جھٹکا،قریبی ساتھی عامر کیانی اور ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سابق وزیر اعظم عمران خان کو جھٹکے پر جھٹکا لگنا شروع ہو گیا ہے،کراچی سے رکن قومی اسمبلی محمود مولوی کے بعد عامر محمود کیانی اور لاہور سے ٹکٹ ہولڈر میاں عباد فاروق نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق کراچی سے رکن قومی اسمبلی محمود مولوی کے بعد اب تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور عمران خان کے قریبی دوست سمجھے جانے والے عامر محمود کیانی نے بھی پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا اور اس کی تصدیق بھی کر دی ہے۔دوسری طرف لاہور کے حلقہ پی پی 149 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق نے پی ٹی آئی کا ٹکٹ واپس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر الیکشن لڑا تو آزاد حیثیت سے لڑوں گا،تحریک انصاف سے اب میرا کوئی تعلق نہیں۔ عامرمحمود کیانی نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی ہی نہیں سیاست بھی چھوڑ رہا ہوں،اس کا فیصلہ 2 ماہ پہلے کر لیا تھا،آج صرف اعلان کروں گا،میرے آباو اجداد پاک فوج میں ہیں،میری اس ادارے سے محاذ آرائی نہیں بنتی،فوجی گھرانے سے تعلق ہے،جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاوس پر حملے پر دلی افسوس ہے،میرے ہاتھ میں اب ایک ہی پرچم ہو گا صرف سبز ہلالی پرچم تھام کر جئیں گے،پی ڈی ایم سمیت کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہوں گا۔پی ٹی آئی رہنما سے سوال کیا گیا کہ کیا فیصلے سے قبل عمران خان کو آگاہ کیا تو عامر کیانی نے کہا کہ میری ایک ماہ سے عمران خان سے بات نہیں ہوئی۔

دوسری طرف لاہور کے حلقہ پی پی 149 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق نے اپنے ویڈیو بیان میں تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو کور کمانڈر ہاوس کو آگ لگانے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اگر الیکشن لڑا تو آزاد حیثیت سے لڑوں گا، 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کی مذمت کرتا ہوں،یاسمین راشد اور محمودالرشید سمیت دیگر لیڈرشپ نے لبرٹی چوک بلوایا اور کہا گیا کہ کور کمانڈر ہاوس جا کر آگ لگانی ہے،کور کمانڈر ہاوس میں جو کچھ ہوا وہ اچھا نہیں ہوا۔واضح رہے کہ عباد فاروق کو لاہور کے حلقہ پی پی 149 سے تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی ٹکٹ دیا گیا تھا،حالیہ صورتحال میں انہیں پولیس کی جانب سے دو بار گرفتار کیا جا چکا ہے،پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے دوران پولیس وین کی توڑ پھوڑ کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنما عباد فاروق کو گرفتار کیا گیا تھا،جب کہ 9 مئی کو جناح ہاوس اور دیگر فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے شر پسندوں کی شناخت کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جن افراد کے نام ظاہر کئے تھے ان میں بھی عباد فاروق کا نام سامنے آیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں