”تحریک انصاف چھڑوانے کے لئے میرے ماتھے پر گولی مارنا پڑی گی“علی زیدی ڈٹ گئے

کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر سید علی حیدرزیدی نے پارٹی چھوڑنے کی خبروں پر دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ”اگر مجھے پاکستان تحریک انصاف چھڑوانی ہے تو ماتھے پر گولی مار دو،تب ہی پارٹی چھڑوائی جا سکتی ہے،زندہ رہتے ہوئے عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑ سکتا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا کہ تحریک انصاف اس دن چھوڑوں گا جس دن عمران خان پی ٹی آئی چھوڑیں گے، 23 سال پارٹی کو دیے ہیں،ہماری پارٹی کے اندر سے ایسی گھٹیا باتیں کی جارہی ہیں۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کی مذمت کرتا ہوں،پی ٹی آئی وہ تھی ہی نہیں جو اس دن نظر آیا،پاکستان کے تمام ادارے ہمارے ہیں،میں نے پرتشدد واقعات سے کارکنان کو روکا۔انہوں نے کہا کہ فوج ہم سے ہے اور ہم فوج سے ہیں،ریاست کے اداروں پر حملے کی مذمت کرتا ہوں،عمران خان نے ساری زندگی ہمیں عدم تشدد کا درس دیا،عمران خان نے ہمیشہ پر امن رہنے کی تلقین کی۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ میں 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں،یہ ریاست کے اثاثے ہیں،جناح ہاوس،میانوالی میں اثاثے جلا دیئے لیکن دل کو تکلیف ہوئی شہداء کی یادگار جلانے پر،تحریک انصاف میری جماعت ہے،اگر پارٹی چھڑوانا چاہتے ہو تو میرے ماتھے پر گولی مار دو،تحریک انصاف اس دن چھوڑوں گا جس دن عمران خان پارٹی چھوڑیں گے،پارٹی نہیں چھوڑ رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں