ملیکہ بخاری رہا ہونے کے فوری بعد دوبارہ گرفتار

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی مرکزی رہنما ملیکہ بخاری کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے فوری بعد مرکزی دروازے سے دوبارہ گرفتار کرتے ہوئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق ملیکہ بخاری کی رہائی کے احکامات اسلام آباد ہائی کورٹ نے دیے تھے،اڈیالہ جیل سے رہائی کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری نے بیرسٹر ملیکہ بخاری کو رہائی کے فوراً بعد دوبارہ سے اٹھا لیا گیا،پولیس کی بھاری نفری نے ملیکہ بخاری کو حراست میں لیتے ہوئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج دوپہر ہی بیرسٹر ملیکہ بخاری کو رہا کرنے کے احکامات صادر کیے تھے،ملیکہ بخاری کو 16 ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔جیل حکام نے روبکار وصولی کے بعد ملیکہ بخاری کو رہا کیا تھا تا ہم پی ٹی آئی کی خاتون رہنما کی قسمت میں ابھی رہائی لکھی نہیں تھی جس کی وجہ سے پولیس نے انہیں دوبارہ حراست میں لے لیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف نے ملیکہ بخاری کی دوبارہ گرفتاری کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون نام کی کوئی چیز باقی نہیں،فاشسٹ حکومت عدالتوں کے احکامات کو ہوا میں اڑا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں