اسلام آباد(کورٹ رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا نے کی، عمران خان کے وکلا نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی علالت کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکے، ڈاکٹر نے ان کو 7 دن کیلئے آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 23 مئی تک ملتوی کر دی۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی تقاریر کو ٹی وی چینلز پر نشر کرنے کا حکم دینے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا، عمران خان نے تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی کے حکم کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے، جس پر جسٹس شمس محمود مرزا نے سماعت کی اور درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عمران خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے پیمرا کی پابندی کا نوٹیفیکیشن معطل کر رکھا ہے، اس کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی کے بیانات اور تقاریر کو نشر نہیں کیا جارہا،درخواست میں مزید کہا گیا کہ عمران خان کی تقاریر اور بیانات نشر نہ کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینلز کو عمران خان کی تقاریر نشر نہ کرنے کیلئے پریشرائز کیا جارہا ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ عدالت ان کے بیانات کو نشر کرنے اور تقاریر شائع کرنے کا حکم دے۔
