بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)بیجنگ میں مسافروں کو اب کارڈ سوائپ کرنے یا کیو آر کوڈ سکین کرنے کی ضرورت نہیں کیو نکہ اب مسافر سب وے میں ہتھیلی کو سکین کر کے”خالی ہاتھ”داخل ہو سکتے ہیں یا باہر نکل سکتے ہیں۔
بیجنگ میونسپل کمیشن آف ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ بیجنگ ڈاشنگ ہوائی اڈے سے منسلک ڈاشنگ ایئرپورٹ ایکسپریس پر نئی ٹیکنالوجی کے اطلاق کا ایک آزمائشی پروگرام شروع کیا گیا۔مسافر سٹیشن کی ٹکٹ مشینز پر اپنی ہتھیلی کی معلومات کا اندراج کرکے اور چین کی مقبول میسجنگ ایپ وی چیٹ کی مدد سے استعمال کی اجازت ملنے کے بعد سٹاپس پر ٹکٹس گیٹس سے گزرنے کے لئے اپنی ہتھیلی دکھاسکتے ہیں جس کے بعد باہر نکلنے پر فیس خودبخود منہا ہو جائے گی۔کمیشن نے کہا کہ ٹکٹ گیٹس صارف کی ہتھیلی کے پرنٹ اور رگوں کو بغیر رابطے کو پہچانتے ہیں۔اگر مسافروں کے فون کی بیٹری ختم ہوجائے یا پھر ان کے پاس نقد رقم نہ ہو تو یہ مسافروں کو سب وے ٹرین میں سوار ہونے کی اجازت دیتے ہیں۔کمیشن نے کہا کہ صارف کی معلومات کے تحفظ کے لیے ڈیٹا ماسکنگ اور انکرپشن ٹیکنالوجیز کا اطلاق کیا گیا ہے۔
