کراچی (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار یاسر خان ببر نے چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ بیلا روس کو طویل المدتی اہداف کی تکمیل ، اقتصادی تعلقات میں مضبوطی اور تجارت کو وسعت دینے کی نئی سیڑھی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو بیلاروس کے ساتھ اعلیٰ سطح کے روابط اوردو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیئے پر عزم ہیں، بیلا روس پاکستان میں گاڑیاں اور ٹریکٹر بنانے کی نئی فیکٹریاں لگانے کے لیئے بھی سرمایہ کاری کریگا جس سے پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
پاکستان ٹائم کے مطابق اپنے بیان میں یاسر خان ببر نے کہاکہ دورے سے سب سے زیادہ فائدہ سفارتی سطح پر تعلقات میں بہتری اور مضبوطی کی صورت میں ہوگا سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے اعلیٰ سطح کے وفود کے لیئے ویزہ کی شرط ختم کرنے اعلیٰ سطح کے وفود کے دوروں کو فروغ ملے گا ،بلاول بھٹو ملکی معیشت کو مضبوط کرنے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے امیج کو بہتر اورپائیدار بنانے کے لیئے جدوجہد کررہے ہیں۔
ان کاکہناتھاکہ بیلا روس کے ساتھ سائنسی تعاون، دفاعی تعاون، ثقافتی اور عوام کے عوام کے ساتھ روابط گہر ے کرنے کے لیئے کیے جانے والے تفصیلی مذاکرات کا فائدہ عنقریب عوام تک پہنچے گا ، بیلا روس پاکستان کے سرمایہ کاروں کے لیئے ایک نئی کاروباری منڈی ثابت ہوگی جس سے پاکستان کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا۔
