کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیلی ویڑن کے لیجنڈ اداکار شکیل احمد 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، اداکار علیل اور چار روز سے نجی اسپتال میں داخل تھے۔
چھوٹی اسکرین کے نام ور اداکار نے متعدد ڈراموں میں باکمال اداکاری اور یادگار کرداروں سے شہرت پائی۔ ان کے مقبول ڈراموں میں شہ زوری، انکل عرفی، انتظارفرمائیے، ان کہی، زیر زبر پیش، افشاں، انا، عروسہ اور آنگن ٹیڑھا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پی ٹی وی کے تاریخی ڈراموں میں بھی آپ نے اپنی اداکاری کے جوہردکھائے ۔سینیئر اداکار نے کچھ فلموں میں بھی اداکار ی کے جوہر دکھائے تاہم انہیں اصل پہچان ڈراموں ہی سے ملی۔شکیل احمد کا اصل نام یوسف کمال تھا مگر شوبز کی دنیا میں آنے کے بعد انہیں شکیل کا نام دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں :”کیا ایک فنکار کی بس اتنی قیمت ہے“فالج کا شکار راشد محمود کا پنجاب حکومت سے شکوہ
مرحوم اداکار کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ فرحی، بیٹی حرا اور بیٹا حیدر شامل ہیں۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اداکار شکیل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، وہ فن کی دنیا کا ایک انمول نام تھے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینیئر اداکار شکیل احمد کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شکیل احمد فن کی دنیا کا بہت بڑا نام تھے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔