نگران وزیراعظم پر مشاورت،قرعہ فال کس کے نام نکلا؟جانئے

لاہور(وقائع نگار)حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان نگران وزیر اعظم کے نام پر مشاورت کا عمل مسلسل جاری ہے تاہم کسی نام کا حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ نگران وزیر اعظم کے لیے ابھی کوئی بھی نام فائنل نہیں ہوا، نگران وزیر اعظم ایسا لے کر آئیں گے جو ماہر معیشت بھی ہو گا اور سیاستدان بھی،دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سینیٹر اسحاق ڈار کا نام کسی نے بھی پیش نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں:چلاس میں سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ، 8جاں بحق
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق نگران وزیر اعظم کے لیے پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن کے رابطے اور مشاورت جاری ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے نگران وزیر اعظم کے لئے مشترکہ ناموں کا انتخاب کرلیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے پیش کردہ ناموں میں سے قابل قبول ناموں کا انتخاب کرلیا اور مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی اب مشترکہ ناموں پر غور کررہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ ناموں کی جانچ پڑتال کے بعد نگران وزیراعظم کے انتخاب کے لیے 3 ناموں کاانتخاب کیا جائے گا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی جانب سے ان تین ناموں کوآئندہ ہفتے حتمی شکل دے دی جائے گی،دونوں جماعتیں اپنے اپنے قائدین سے حتمی ناموں کی منظوری لیں گی اور پھر ان ناموں کو پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کےسامنے رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:شہباز شریف ایک روزہ دورے پر یو اے ای روانہ

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے نگران وزیر اعظم کے لیے پہلے اسحاق ڈار کے نام کی منظوری اور پھر مسترد کیے جانے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ نگران وزیر اعظم کیلئے اسحاق ڈار کا نام آیا اور مسترد ہو گیا،ان کا نام کسی نے پیش نہیں کیا تھا البتہ یہ ایک افواہ ضرور ہو سکتی ہے جیسے کہ ذرائع کے حوالے سے ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بات چیت ضرور ہو رہی ہے کہ آیا نگران وزیر اعظم بیورو کریٹ کو ہی ہونا چاہیے یا کوئی سیاستدان بھی نگران وزیر اعظم بن سکتا ہے؟اگر اس بات پر اتفاق ہو جاتا ہے کہ نگران وزیر اعظم کوئی سیاستدان بھی ہو سکتا ہے تو وہ اسحاق ڈار بھی ہو سکتے ہیں اور کسی اور سیاسی جماعت سے بھی کوئی فرد ہو سکتا ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ نگران وزیر اعظم جو بھی ہو،ایسا قابل شخص ہو جس پر سب کو اعتماد ہو۔انہوں نے کہا کہ قائد ن لیگ نواز شریف جلد وطن واپس آکر حفاظتی ضمانت لیں گے اور عدالتوں میں پیش ہو کر بری ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں