اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )کے منحرف رہنما فواد چوہدری ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کی قیادت میں 25رکنی اراکین پارلیمنٹ کے دورہ امریکہ کے خلاف پھٹ پڑے ،ایسی باتیں کہہ دیں کہ لوگ دنگ رہ جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:نگران وزیر اعظم پر مشاورت،قرعہ فال کس کے نام نکلا؟جانئے
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر سلسلہ وار ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں 25 ممبران پارلیمان کے نیویارک کے دورے پر کروڑوں روپے خرچ کئے گئے،ادھر آئی آیم ایف کا قرضہ منظو ہوا ادھر یہ گروپ امریکہ پہنچ گیا یہ مذاق نہیں تو کیا ہے؟۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ابھی تک وزارت خارجہ اس دورے پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیل دینے سے گریزاں کیوں ہے؟شازیہ مری،نور عالم خان،روبینہ عالم اور درجنوں دوسرے ممبران کا اس مشکل معاشی صورتحال سے دوچار ملک کے کروڑوں روپے وہ بھی ڈالرز میں اجاڑنا انتہائی قابل مذمت ہے،اس غیر ضروری دورے اور اخراجات کی تحقیق ہونی چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی پارلیمنٹیرئنز کی” تزئین کاری“ شروع
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ صرف یہاں نہیں رکا بلکہ سرکاری افسروں کے ایک لمبے چوڑے گروپ کو بھی نیویارک کی سیر کیلئے جانا تھا تو وہ بھی دورے پر ساتھ روانہ ہو گئے،ایک طرف آپ قرضوں کی بھیک مانگ رہے ہیں دوسری طرف ممبران اسمبلی کو رشوت کے طور پر ایسے دورے کرائے جا رہے ہیں اور ترقیاتی سکیمیں ان کے علاوہ ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سینیٹر قرةالعین مری کے ساتھ دو رشتہ دار،عرفان صدیقی کے ساتھ ایک،فدا حسین،مولا بخش چاندیو بھی رشتے دار ساتھ لے گئے،اس کے علاوہ شازیہ مری،روبینہ عالم اور سینیٹر شفیق بھی رشتے داروں کو نیو یارک کی سیر کرانے لے گئے۔