فیصل آباد (بیورو رپورٹ)ٹیکسٹائل انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے نیشنل انکوبیشن سنٹر فار ایروسپیس ٹیکنالوجیز اور نیشنل ایروسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کو فیصل آباد میں آئی ٹی سے متعلقہ ضروری سہولتیں اور سازگار ماحول مہیا کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت سخت فیصلے واپس لے ورنہ ۔۔۔سراج الحق نے حکومت کو بڑی دھمکی دے دی
یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے نی کیٹ نیشنل انویسٹر سمٹ (NICAT) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں ہمارے نوجوانوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ 5سالوں میں 1 ارب ڈالر کمائے ہیں جبکہ اُن کی خداداد صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے انہیں سازگار ماحول اور بنیادی سہولتیں مہیا کرنا ہوں گی تاکہ اس شعبہ سے اربوں ڈالر کمائے جا سکیں۔ انہوں نے عالمی سطح پر آئی ٹی کے شعبہ میں ہونے والی ترقی کے حوالے سے کہا کہ نیشنل انوسٹمنٹ سمٹ کا انعقاد انتہائی بروقت ہے تاکہ مختلف شعبوں میں نوجوانوں کی تخلیق کردہ جدید ٹیکنالوجی سے مقامی صنعتوں کو براہ راست فائدہ پہنچایا جا سکے۔ ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ اگرچہ ٹیکسٹائل فیصل آباد کی شناخت ہے لیکن اب وہ نئے عالمی تقاضوں کے مطابق اس کو سائبر آباد بنانے کیلئے کوشاں ہیں اور اس سلسلہ میں شعوری کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے نی کیٹ کے پرنسپل ایڈوائزر ائیر وائس مارشل اسد اکرم پر زور دیا کہ وہ فیصل آباد کے نوجوانوں کو بھی مناسب سہولتیں مہیا کریں تاکہ وہ بھی آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اس سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔