عمران خان خوفناک ایجنڈے پر کام کررہے ہیں،مخالف سیاستدان پھٹ پڑے

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وفاقی حکومت اور سینئر سیاستدانوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی پاکستانی ملک کے ٹکڑے کرنے کی بات نہیں کرسکتا ،عمران خان کے اندر نریندرمودی بول رہا ہے عمران پاکستان کےخلاف خوفناک ایجنڈے کے تحت باقاعدہ کام کررہے ہیں، وہ تمام حدیں کراس کرگئے ہیں ،کارکنان عمران خان کے بیان پر گلی گلی اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان حد سے تجاوز کررہے ہیں ،پاکستان کو تقسیم کرنے کی بات کی ہمت بھی نہ کریں ۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے بیان کی مذمت کی اور کہا کہ میں اس وقت ترکی میں معاہدے کر رہا ہوں اور عمران نیازی ملک کے خلاف کھلی دھمکیاں دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کا اگر عمران خان کو عوامی عہدے سے نااہل قرار دینے کے لیے کسی ثبوت کی ضرورت ہے تو ان کا تازہ انٹرویو کافی ہے، عمران خان اپنی سیاست کریں لیکن حد سے تجاوز اور پاکستان کو تقسیم کرنے کی بات کی ہمت نہ کریں۔

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کوئی بھی پاکستانی اس ملک کے ٹکرے کرنے کی بات نہیں کرسکتا، یہ زبان ایک پاکستانی کی نہیں بلکہ مودی کی ہے۔آصف علی زرداری نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اقتدار ہی سب کچھ نہیں ہوتا ، بہادر بنو اور اپنے پاں پر کھڑے ہوکر سیاست کرنا اب سیکھ لو۔اس ملک کے تین ٹکرے کرنے کی خواہش ہمارے اور ہماری نسلوں کے جیتے جی پوری نہیں ہوسکتی، انشا اللہ پاکستان تا قیامت آباد رہے گا۔

سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کی ہے کے عمران خان کے ناپاک بیان پر گلی گلی احتجاج کریں۔

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل خورشید شاہ نے عمران خان کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تین ٹکڑے پاکستان کےنہیں بلکہ عمران کی سیاست کے ہوں گے۔خورشید شاہ نے کہا کہ عمران اقتدار کی خاطر ملک دشمنی پر اتر آئے ، آج سازشی عمران کھل کر سامنے آ گیا ہے، عمران کوپاکستان کےخلاف خوفناک ایجنڈے کے تحت باقاعدہ تیارکیاگیا، عمران اور اس کے پیچھے چھپا ایجنڈا دونوں ناکام ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ عوام اس جھوٹے، جعلساز کو مسترد کر چکے، اب عمران کے قریبی ساتھی بھی اسے چھوڑنا شروع کر دیں گے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو فوج تباہ ہو جائے گی اور پاکستان کے تین ٹکڑے ہوں گے۔وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کا ملک تین ٹکڑوں میںتقسیم اور نیوکلیر اثاثے چھن جانے کا بیان قابل مذمت اور انتہائی خطرناک ہے،کیا کوئی سابق وزیراعظم ملک اور اس کے اثاثوں کے لئے اس طرح کی گفتگو کرتا ہے؟عمران خان کو اپنے بیانات پر معافی مانگنی چاہئے۔

عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان اداروں اور ملک کو بلیک میل کرنے کی کوشش میں خود بے نقاب ہو گئے ہیں،یہ ایسی ذہنی کیفیت میں مبتلا ہیں جن میں یہ خود کو درست اور ساری دنیا کو غلط سمجھتے ہیں،فوج سیاست میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی لیکن عمران خان چاہتے ہیں کہ فوج ان کے حق میں مداخلت کرے،

انہوں نے کہا کہ ان کی نظر میں پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانا ہی فوج کا درست فیصلہ ہوگا،لانگ مارچ میں بری طرح ناکامی کے بعد اب یہ اداروں کو کہہ رہے کہ حکومت کو نکالیں،ملک کو دیوالیہ ہونے کی نہج پر کھڑا کر کے اب یہ مسیحا بننے کی کوشش کر رہے،عمران خان کی ناکام حکومت کو گھر بھیجنے کا مقصد ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہے۔پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ترجمان حافظ حمداللہ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گی لیکن پاکستان پھر بھی قائم رہےگا۔

حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گی لیکن پاکستان پھربھی قائم رہےگا۔ عمران خان کی ملک کے خلاف یہ زبان محب وطن شخص کی نہیں بلکہ وطن دشمن شخص کی ہے، عمران نیازی پاکستان کا بال ٹھاکرے اورپی ٹی آئی آر ایس ایس کا دوسرا نام ہے۔

حافظ حمداللہ نے کہا کہ عمران نیازی کرسی اور اقتدار کی ہوس میں پاکستان اور فوج توڑنے کی باتیں کرنے لگے ہیں، پاکستان اور فوج توڑنے کی بات کر کے ثابت ہوا کہ عمران نیازی بیرونی ملک دشمن عالمی قوتوں کا ایجنٹ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان شا اللہ پی ڈی ایم، اتحادی جماعتیں اور پوری قوم آپ کی سیاست کو ختم کرکے دم لے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو فوج تباہ ہو جائے گی اور ملک تین ٹکرے ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں