طلال چوہدری نے عمران خان کو ذہنی بیمار قرار دے دیا

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما طلال چودھری کا سابق وزیر اعظم عمران خان کے ملک کے 3ٹکڑے ہونے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ذہنی بیمار اور فرسٹیٹڈ شخص ہی ایسی باتیں کرسکتا ہے،جلاﺅ ،گھیراﺅ،ایٹم بم چلاﺅکی باتیں کرنیوالے عمران نیازی کیخلاف ایکشن لینے کا وقت آگیا ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ یہ شخص کہتا ہے ملک پر ایٹم بم چلا دو، اسے کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ کہتا تھا میں اقتدار میں نہیں آتا تو سول نافرمانی کرو، ہنڈی سے پیسے بھیجو یہ کہتا ہے آگ لگا دو،پاکستان جام کردو، نہ کسی کی روٹی چلے، نہ روزی چلے، نہ پاکستان چلے، کیونکہ یہ اقتدار میں نہیں ہے ،تاہم اب اس کے خلاف کوئی نہ کوئی ایکشن لینے کا وقت آگیا ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو فوج تباہ ہو جائے گی اور پاکستان کے تین ٹکڑے ہوجائیں گے۔عمران خان کا کہنا تھاکہ ” یہ اصل میں پاکستان کا مسئلہ ہے، اسٹیبلشمنٹ کا مسئلہ ہے، اگر اس وقت اسٹیبلشمنٹ صحیح فیصلے نہیں کرے گی تو میں آپ کو لکھ کر دیتا ہوں یہ بھی تباہ ہوں گے اور فوج سب سے پہلے تباہ ہوگی کیونکہ ملک دیوالیہ ہوگا۔چیئر مین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ ان لوگوں کو اقتدار سے نہ نکالا تو ملک کے نیوکلئیر اثاثے چھن جائیں گے اوردرست فیصلے نہ کیے گئے تو پاکستان کے تین ٹکڑے ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں