پٹرول کے بعد ’بجلی بم ‘ بھی چل گیا ،فی یونٹ قیمت میں ہوشربا اضافہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 91 پیسہ اضافہ کرنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کے لئے بجلی کے ایک یونٹ کی قیمت 24روپے 82 پیسے مقرر کی گئی ہے، ٹیرف کا اطلاق وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ بجلی کمپنیوں نے ملٹی ائیر ٹیرف کی مد میں اضافہ مانگا تھا جس کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں کمی اور ایندھن میں اضافہ ہے۔ٹیرف میں فی یونٹ 7.91 روپے اضافے کے بعد مالی 23-2022 کے لیے اوسط ٹیرف 24.82 ہو گیا ہے جو اس سے قبل فی یونٹ 16.91 روپے تھا۔نیپرا نے بتایا کہ ٹیرف میں یہ اضافہ تیل کی قیمتوں اور لاگت میں اضافے کے ساتھ ساتھ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے کیا گیا ہے۔توانائی کی خریداری کی اوسط قیمت کا تخمینہ ایک ہزار 152 ارب روپے لگایا گیا ہے جبکہ این ٹی ڈی سی اور ایچ وی ڈی سی سمیت ک±ل لاگت ایک ہزار 366 ارب روپے ہے۔یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد سامنے آیا ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو اقتصادی بیل آو¿ٹ کے لیے راضی کرنا ہے۔گزشتہ ہفتے وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے خبردار کیا تھا کہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ سبسڈیز کی واپسی کے ذریعے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے بعد ہوگا۔دوسری طرف ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 690میگا واٹ تک پہنچ گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں