شہباز حکومت نے عمران خان کو دی گئی سیکیورٹی واپس لے لی

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پولیس کی دی گئی سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کوپولیس کی دی گئی سیکیورٹی واپس لے لی گئی، اسلام آبادپولیس کے تمام لوگوں کوکل شام واپس بلا لیا گیا۔شہباز گل کا کہنا تھا کہ مجرمہ مریم صفدرکووزیراعظم کے برابر سیکیورٹی دی جا رہی ہے ، دوسری طرف امت مسلمہ کے لیڈر سے سیکیورٹی واپس لے لی ، امپورٹڈ حکومت کی گھٹیا حرکتیں۔
ایک اور ٹوئٹ میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہباز شریف ملک میں مہنگائی افراتفری کی آگ لگا کر خود پورے ٹبر کے 54 افراد کے ساتھ ترکی میں عیاشیاں فرما رہے ہیں، پینٹ کوٹ پہن کر بننا جان ایف کینیڈی اوربات کرنے کے وقت پڑھنی پرچیاں ، حکومت ایک سازش اور کرپٹ سوچ کے تحت لائی گئی انشاللہ ذلت ان کا مقدر ہے۔
یاد رہے گذشتہ ماہ وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی کے لیے مراسلہ بھجوایا گیا تھا ، جس میں کہا تھا کہ فول پروف سیکیورٹی نہ دینے پر عمران خان کو سیکیورٹی خدشات ہوسکتے ہیں۔مراسلے کے مطابق حکومت نے مریم نواز کو بھی فول پروف سیکورٹی فراہم کر رکھی ہے، فول پروف سیکیورٹی فراہم نہ کی گئی تو عدلیہ سے رجوع کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں