راولپنڈی کی فلور ملز نے ہڑتال کا اعلان کردیا

راولپنڈی(کامرس رپورٹر)راولپنڈی کی فلور ملز نے ہڑتال کا اعلان کردیا۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن ملک طاہر کا کہنا ہے کہ کمشنر راولپنڈی نے چند مخصوص فلورملز کا گندم کا کوٹہ بڑھانے کے لیے باقی ملز کا کوٹہ کم کر دیا ہے۔ ملک طاہر کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کی 130 فلور ملز نے متفقہ طور پر ہڑتال کرکےہفتہ کو سرکاری کوٹہ نہیں اٹھایا۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کی واپسی تک پنڈی کی تمام ملز سرکاری کوٹہ نہیں اٹھائیں گی۔ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو پنجاب بھر میں ہڑتال کا آپشن موجود ہے۔

گروپ لیڈر عاصم رضا کا کہنا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کے غلط فیصلے سے جڑواں شہروں میں آٹے کی دستیابی میں مسائل آئیں گے۔ درجنوں فلور ملز کا کوٹہ کم کر کے چند ملز کا کوٹہ بڑھانے کے فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے۔ فلور ملز نجی گندم کی پسائی اور آٹا سپلائی جاری رکھیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں