بغاوت کا مقدمہ،کیپٹن صفدر پر فرد جرم عائد

روالپنڈی(کورٹ رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور مریم نوازکے شوہر کیپٹن (ر)صفدر پر عدالت نے بغاوت کے مقدمے میں فرد جرم عائد کر دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خرم دستگیر، کیپٹن صفدر اور لیگی ایم پی اے سمیت دیگر پہ بغاوت اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات پر کیس کی سماعت ہوئی، کیپٹن (ر)صفدر اور لیگی ایم پی اے عمران خالد بٹ جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اعظم خان کی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے بغاوت کے مقدمے میں کیپٹن(ر)صفدر اور لیگی ایم پی اے عمران خالد پر فرد جرم عائد کردی، اور شہادت اور استغاثہ کے گواہان کو 20 جون کو طلب کر لیا جبکہ کارِ سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں ملزمان کو 29 جون کو طلب کر لیا گیا ہے۔عدالت نے کیپٹن (ر)صفدر اور وفاقی وزیر خرم دستگیر کو آئندہ خاصری سے استثنادے دیا گیا ہے عدالت نے حکم دیا کہ سابق ڈپٹی مئیر اور لیگی ایم پی اے عمران خالد ہر پیشی پر پیش ہوں گے۔

کیپٹن (ر)صفدر اعوان کے خلاف تھانہ سیٹلائٹ ٹاون نے 2020 میں مقدمہ درج کیا تھا واضح رہے کہ گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن)کے رہنما کیپٹن صفدر اور دیگر کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ لیگی رہنماوں کے خلاف مقدمہ تھانہ سیٹلائٹ ٹاون میں ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں لیگی ایم پی اے عمران خالد بٹ کو بھی نامزد کیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے جمعہ کو عمران خالد بٹ کی رہائش گاہ پر میٹنگ کی تھی جس میں ریاستی اور انتظامی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز الفاظ استعمال کیے گئے تھے۔ لیگی رہنماوں پر بغاوت کے مقدمے درج کرنے پر ناراضی کا اظہار کرنے والے سی پی او گوجرانوالہ کا تبادلہ بھی کیا گیا تھا۔

سٹی پولیس آفیسر(سی پی او)گوجرانوالہ رائے بابر سعید نے مسلم لیگ (ن)کے رہنماوں پر بغاوت کے مقدمے پر تحفظات کا اظہارکیا تھا جس کے بعد ان کو عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔۔ پولیس ذرائع کے مطابق لیگی رہنماوں پر بغاوت کے مقدمے پر سی پی او نے تحفظات کا اظہار کیا تھا سی پی او رائے بابر سعید بغاوت کیس میں 26 افراد کو شامل تفتیش کرنے کے مخالف تھے۔

یاد رہے کہ لاہور کے علاقے شاہدرہ میں بھی مسلم لیگ کی اعلی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جس پر سابق وزیراعظم عمران خان سمیت وفاقی وزرا نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں