سیاسی لڑائی لڑنی ہے تو اسلام آباد آئیں،پشاور میں کیوں بیٹھے ہیں؟خواجہ آصف کا عمران خان سے سوال

سیالکوٹ (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی لڑائی لڑنی ہے تو اسلام آباد آئیں پشاور میں کیوں بیٹھے ہیں؟
سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وسائل پر اس شخص کی مفت خوری جاری ہے، منصوبے کے تحت معاشی طور پر پاکستان کو تباہ کیا گیا۔ ہم سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے نہیں آئے۔
خواجہ آصف بولے کہ عمران نے نوجوان نسل کی جو تربیت کی ہے اس پر افسوس ہے، معاشی سلامتی کے بغیر دفاعی سلامتی بھی خطرہ میں پڑ جاتی ہے۔ سوشل میڈیا پر جو زبان استعمال ہورہی ہے اس پر افسوس ہے، یہ تنگ نظری کی علامت ہے، پنجاب سے کوئی نہیں لانگ مارچ میں پہنچا، بزدار اور پرویز الہٰی سمیت پنجاب کا کوئی وزیر نہیں پہنچا۔ا±ن کا کہنا تھا کہ پیسپ پراجیکٹ ہماری گذشتہ حکومت نے شروع کیا، لانگ ٹرم میں پیسپ پراجیکٹ شہر کیلئے مفید ہوگا، ترقیاتی کام کروانا ہمارا فرض ہے۔ شہر میں ٹریفک کا مستقل حل کریں گے۔ نیسپاک تجربہ کار ادارہ ہے کہ وہ خوش اسلوبی سے پیسپ کے پراجیکٹ کو اختتام تک پہنچائیں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اقتدار صرف پاکستان کی خدمت کیلئے استعمال کیا جائے، ہمیں احساس ہے کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے، ہمیں یقین ہے ہم اس بحران سے نکلنے میں کامیاب ہونگے۔ پاکستان کا بچہ بچہ ملکی دفاع کیلئے پر عزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں