چپڑاسی لال حویلی میں چھپ گیا ،بھگوڑے معیشت پر بھاشن نہ دیں،وزیر داخلہ

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 25 مئی کو بھگوڑا پشاور بھاگ گیا، چپڑاسی لال حویلی میں چھپ گیا، واہ رے انقلاب، بھگوڑے معیشت پر بھاشن نہ دیں، عدالتی ضمانت ختم ہونے پرقانون کے مطابق فراہم کی گئی سیکیورٹی ہی عمران نیازی کوگرفتار کرلے گی۔

ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے شیخ رشید اور عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھگوڑا پشاور بھاگ گیا، چپڑاسی لال حویلی میں چھپ گیا، واہ رے انقلاب۔رانا ثنااللہ نے شیخ رشید سے پوچھا کہ 25 مئی کو باس کو چھوڑ کر کہاں روپوش تھے؟ خونی مارچ کے اعلان کرنے والا خود ہی مارچ کے دن سویا ہوا تھا، یہ دوسروں کے بیگناہ بچوں کی لاشوں پر اپنی سیاسی دکان چمکانے والے لوگ ہیں۔

انہوں نے سابق وزیر داخلہ اور چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 25 مئی کے بھگوڑے معیشت پہ بھاشن نہ دیں، نیب قانون کی کسی ترمیم سے کوئی موجودہ کیس ختم نہیں ہوا، چار سال میں کسی کیس کا کوئی ثبوت کسی عدالت میں نہیں دیا گیا بلکہ نیب نے ملک کی معیشت تباہ کی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے کاروبار اور سرمایہ کار برادری کو خوف سے نجات دلائی ہے، ہم نے ڈٹ کر عدالتوں میں سیاسی انتقام کا سامنا کیا اور جیلیں کاٹیں، باس اور چپڑاسی کی طرح میدان سے نہیں بھاگے۔

عمران خان کی بنی گالہ واپسی کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کواسلام آباد واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ قانون کے مطابق عمران نیازی کو سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے اور قانون کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو فراہم کی گئی یہی سیکیورٹی عدالتی ضمانت ختم ہونے پر عمران نیازی کوگرفتار کرلے گی۔ عمران نیازی فتنہ و فساد اور وفاق پر مسلح حملوں کے جرائم کے تحت درج دو درجن سے زائد مقدمات میں بطور ملزم نامزد ہے، اخلاقی اور جمہوری قدروں سے عاری شخص کس طرح سیاسی جماعت کا سربراہ ہوسکتا ہے، یہ پوری قوم کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔۔

ان کا کہنا تھا کہ عمرانی انقلاب ضمانتیں کرا رہا ہے، عمران انقلاب خیبرپختونخوا کے عوام کے پیسے پر منرل واٹرپی رہا اور ہیلی کاپٹر کی سیر کر رہا ہے۔ کوئی مسلح جتھہ وفاق پر حملہ کرنے کا سوچے یہ بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں