سود اور کرپشن ام المسائل،ان کے ہوتے ہوئے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا:سراج الحق

لاہور(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اس ملک میں تمام مسائل کا حل اللہ کا دین ہے،جماعت اسلامی دوسری جماعتوں کے لیے ماڈل ہے،جس طرح ملک کے اداروں میں کرپشن ہے،عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) کا سارا خزانہ بھی پاکستان آ جائے تو ناکافی ہو گا، سود اور کرپشن ام المسائل ہیں، ان کے ہوتے ہوئے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، گالم گلوچ کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں ،اگر سیاست میں دلیل نہ ہو تو گالیاں ہی دی جاتی ہیں،45 فیصد امیدواروں کا چناو مکمل کر لیا ہے، انتخابات کے علاوہ انقلاب کا کوئی راستہ نہیں ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی جمہوری جماعت ہے اور جماعت اسلامی دوسری جماعتوں کے لیے ماڈل ہے، پورے ملک میں تباہ کن مہنگائی ہے جبکہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور حکومتی فیصلوں سے عوام مشکلات میں ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بعد اب پی ڈی ایم نے مہنگائی کر دی ہے اور جب بھی مشکل فیصلہ ہوا غریب عوام کے خلاف ہوا۔ اس ملک میں تمام مسائل کا حل صرف اللہ کا دین ہے۔ ہم چاہتے ہیں الیکشن سے پہلے ملک میں الیکشن ریفارمز ہوں، ہمارے ملک میں 4 بینک غیر سودی نظام کے تحت چلتے ہیں اور تبدیلی عوام کے جاگنے سے آئے گی اس لیے دیانتدار لوگوں کا ساتھ دیا جائے، مسائل کا حل اسلامی نظام ہے جس کی علمبردار جماعت اسلامی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں