لیول پلئنگ فیلڈ فراہم نہ کی گئی تو جمہوریت کونقصان ہو گا،یوسف رضا گیلانی بھی پھٹ پڑے

ملتان (بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ لیول پلئنگ فیلڈ فراہم نہ کی گئی توجمہوریت کونقصان ہو گا،میں کوئی نجومی نہیں کہ بتا سکوں پنجاب میں پیپلز پارٹی کتنی سیٹیں جیتیں گی؟۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نواز شریف سے ملنے ان کے گھر پہنچ گئے،دونوں کے درمیان کیا گفتگو ہوئی؟جانئے
”پاکستان ٹائم“کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ گیلانی خاندان قومی اسمبلی کے 3 حلقوں سے الیکشن لڑے گا،کوئی سروکار نہیں کہ میرے مقابلے میں کون امیدوار آئے گا؟میں اپنے پرانے حلقے این اے 148 سے الیکشن لڑوں گا،کوئی نجومی نہیں کہ بتا سکوں پنجاب میں کتنی سیٹیں جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جلد اپنے منشورکا اعلان کرےگی،الیکشن میں تمام لوگوں کو یکساں مواقع ملیں گے،ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں،چاہتے ہیں کہ معاشی حالات کو ہم سنبھالا دیں،جب تک سیاسی استحکام نہیں آئے گا ملک میں معاشی استحکام نہیں آ سکتا ،الیکشن کے بعد معاشی استحکام آئے گا،اس وقت ملک بحرانوں کا شکار ہے،الیکشن مہم میں مہنگائی بڑا چیلنج ہے،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری حکومتوں کو مستحکم کرنے،آئین اور رول آف لاء کے لئے بے تحاشا قربانیاں دی ہیں،پیپلز پارٹی ہی ملک کو تمام بحرانوں کو نکال سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ 9مئی میں ملوث افراد کے مستقبل کافیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نیب کی عمران خان سے ساڑھے 3گھنٹے تفتیش

اس سے قبل ملتان میں سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی،دونوں راہنماوں نے پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال خاص طور پر عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان پائیدار تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا اور امریکہ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم،اقتصادی تعلقات اور الیکشن 2024 میں جنوبی پنجاب کے سیاسی منظر نامے سے متعلق تفصیلی بات چیت کی۔امریکی سفیر اور یوسف رضا گیلانی نے تجارت،معیشت،موسمیاتی تغیر،سلامتی اور علاقائی استحکام سمیت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بات چیت کی.سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے زور دیا کہ سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں بے گناہ فلسطینیوں کی بے رحمانہ شہادتوں کے مسئلے کو اجاگر کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے لڑائی اور ہلاکتوں کے سلسلے کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا اور غزہ کے لوگوں کو فی الفور طبی اورانسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔اس موقع پر جنوبی پنجاب کی مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے امریکی سفیر سے ملاقات کی جس میں سابق گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ،سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ بھی شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں