سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر اکبر نقوی کو بڑا جھٹکا دے دیا

اسلام آباد(وقائع نگار)سپریم جوڈیشل کونسل نے سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو تفصیلی شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 14دن میں جواب طلب کر لیا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف درج درخواست پر شکایت کنندہ کے دلائل مکمل ہونے کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبران کا اجلاس اور ایک اہم بیٹھک بھی ہوئی جس میں شکایت کنندہ اور جسٹس مظاہر نقوی کے دلائل کو بغور جائزہ لینے کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 14 دن میں جواب طلب کر لیا۔”پاکستان ٹائم“ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سامنے آئے شواہد کی روشنی میں نوٹس جاری کیا گیا ہے، 14روز کے بعد جسٹس مظاہر اکبر نقوی کے خلاف مزید کارروائی کا تعین کیا جائے گا۔جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس چار،ایک کی اکثریت سے جاری کیا گیا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی، جسٹس سردار طارق،جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس نعیم افغان نے شوکاز جاری کرنے کے حق میں رائے دی جبکہ جسٹس اعجاز الاحسن نے شوکاز نوٹس جاری کرنے کی حمایت نہیں کی۔دوسری جانب جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کیخلاف درخواست بھی دائر کر دی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس پر جسٹس مظاہر نقوی نے تین ممبران کی موجودگی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں