لاہور(نمائندہ خصوصی ) چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیراعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی ومشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ گزشتہ دو دنوں سے پاکستان کو خوشخبریاں مل رہی ہیں،متحدہ عرب امارات کے ساتھ اربو ں ڈالر کے معاہدے ہوئے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ان معاہدوں میں وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف بھی موجود تھے،معاہدوں سے پاکستان کی معیشت کو استحکام ملے گا،اسی طرح کویت میں بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے ایم و یوز سائن ہوئے،اس سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ سعودی عرب کے طرف سے تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں ایک سال کی توسیع بھی خوش آئند ہے،سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالا ہے جس پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔یہ سب آرمی چیف اور وزیر اعظم پاکستان کی انتھک محنت اور کوششوں کا نتیجہ ہے، وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف کی شب و روز کاوشوں کے نتیجے میں امید ہے کہ مزید سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بننے کے بعد سے دیگر اسلامی ممالک بھی سرمایہ کاری کر رہے ہیں،یہ سپہ سالار پاکستان کے معاشی استحکام کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار ہے،ذخیرہ اندوذوں کے خلاف کارروائی اور ملک میں میں معاشی استحکام کے لئے آرمی چیف اور وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
