اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے انٹرا پارٹی انتخابات کے سلسلہ میں کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل مکمل ہوگیا ہے جبکہ پارٹی چیئرمین کے لئے بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دئیے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق عمران خان کے نامزد کردہ امیدوار برائے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دئیے ہیں،کاغذاتِ نامزدگی ریٹرننگ افسر سردار مصروف خان ایڈووکیٹ نے وصول کئے۔سینئر مرکزی رہنما احمد اویس بیرسٹر گوہر علی خان کے تجویز کنندہ ہیں،مرکزی سیکرٹری اطلاعات روف حسن چیئرمین کے انتخاب کیلئے بیرسٹر گوہر علی خان کے تائید کنندہ ہیں۔اس موقع پرچیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف نیاز اللہ نیازی ایڈووکیٹ بھی مرکزی سیکرٹریٹ میں موجود تھے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن تھا،بیرسٹر گوہر کے علاوہ کسی اور نے چیئرمین کے عہدے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔
