لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے کہا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ نے انتخابی منشور کی تیاریوں پر کام شروع کر دیا ہے،جس کے لیے باقاعدہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے،مرکزی مسلم لیگ کا منشور عوامی امنگوں کے عین مطابق اور ملک کو موروثی سیاست سے نجات دلانے والا ہو گا،اشرافیہ کے لیے اب اس ملک کوئی جگہ نہیں ہو گی۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم کا کہنا تھا کہ سابقہ سیاسی جماعتوں نے ملک میں سیاسی اور معاشرتی اخلاقیات کا جنازہ نکال کر رکھ دیا ہے،جن جماعتوں کو ایک دوسرے پر تنقید الزامات اور کیچڑ اچھالنے سے فرصت نہ ملے وہ عوام کے مسائل کا حل خاک کریں گی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ کا منشور عوام کے حل طلب مسائل کے گرد گھومتا ہے،جلد پارٹی منشور منظر عام پر لایا جائے گا،جو مرکزی مسلم لیگ کی سیاست کا مظہر ہو گا۔
