راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے بیرسٹر گوہر علی خان کے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین منتخب ہونے پر آصف زرداری،بلاول بھٹو اور اعتزاز احسن کو مبارکباد دی ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق فیاض الحسن چوہان نے تحریک انصاف کے انٹر پارٹی الیکشن کے نتائج پر کہا کہ بیرسٹرگوہر کو جب نامزد کیا گیا انٹرپارٹی الیکشن میں کارکنان کی دلچسپی ختم ہوگئی،آصف زرداری،بلاول بھٹو اور اعتزاز احسن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ان کا بندہ منتخب ہوگیا، بیرسٹر گوہر کا تعلق پیپلزپارٹی سے رہا ہے، اب وہ پی ٹی آئی کے مستقل چیئرمین ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی تقاریراورنعرے سنتے تھے کہ پارٹی میں الیکشن ہوں گے،بیرسٹر گوہر کی پی ٹی آئی میں عمر جمعہ جمعہ 4 ماہ ہے،ان کی کوئی قربانی پارٹی کیلئے نہیں، پرویزالٰہی، شاہ محمودقریشی،اسدقیصر کے مقابلے میں ان کا کوئی کردار نہیں،آج جو ڈرامہ کیا گیا ہے ،اس میں اکبر ایس بابر اور دیگر لوگوں کا حق ہے وہ الیکشن میں حصہ لیتے،اکبر ایس بابر اور دیگرکو اس معاملے کو قانونی سطح پر چیلنج کرنا چاہئے،پی ٹی آئی کے انٹر پارٹی الیکشن سے عوام کو کوئی دلچسپی نہیں تھی۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ تحریک انصاف کے انٹر پارٹی الیکشن کو مسترد کرتے ہیں،جس طرح آج تحریک انصاف کا انٹرا پارٹی الیکشن ہوا،کیا پی ٹی آئی ووٹرز اسکو ماننے کے لیے تیارہیں؟اسی طرح 8 فروری کو جنرل الیکشن منعقد ہوں تو کیا پی ٹی آئی الیکشن کو تسلیم کرے گی،آپ کریں توراس لیلیٰ، کوئی اور کرے تو کریکٹر ڈھیلا،آپ کریں تو سبحان اللہ۔کوئی اورکرے تو استغفراللہ،آپ کریں تو ماشااللہ، کوئی اور کرے تو نعوذبااللہ۔
