پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو بڑا حکم جاری کر دیا

پشاور(بیورو رپورٹ)پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) سے انتخابات کا شیڈول طلب کر لیا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس عبدالشکور اور جسٹس سید ارشد علی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔وکیل درخواست گزار علی عظیم آفریدی نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کا اعلان ہوا ہے لیکن شیڈول ابھی تک سامنے نہیں آیا،الیکشن کمیشن شیڈول پیش کرے جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل محسن کامران نے جواب دیا کہ بغیر شیڈول کے الیکشن نہیں ہوتا،شیڈول بھی آجائے گا۔جسٹس سید ارشد علی نے ریمارکس دیے کہ الیکشن شیڈول تو 54 دن پہلے آتا ہے، 8 فروری سے پہلے دن گن لیں کب آتا ہے؟جس وکیل درخواست گزار نے کہا کہ 13 دسمبر تک الیکشن شیڈول آنا چاہیئے۔جسٹس سید ارشد علی نے کہا کہ سب کو اعتماد ہے،لگتا ہے درخواست گزار وکیل علی عظیم صاحب کو اعتماد نہیں ہے اس لیے وہ شیڈول مانگ رہے ہیں،جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل محسن کامران نے کہا کہ اللہ خیر کرے گا۔بعدازاں عدالت نے الیکشن کمیشن سے آئندہ سماعت پر الیکشن شیڈول طلب کر کے سماعت ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں