لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کو بھیڑ بکریوں کی طرح ہانکنے کا سلسلہ ترک کر کے باوقار راستہ اختیارکرنا ضروری ہے بصورت دیگر دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں ہمیشہ کیلئے دراڑ آ سکتی ہے۔
عمران خان کے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ”قوموں کے لیے اپنے ہمسائے بدلنا ممکن نہیں ہوتا، وقت کے بہائو کے ساتھ انہیں ایک دوسرے کی ضرورت پڑتی رہتی ہے،ہمسایوں کے ساتھ گہرے بااعتماد تعلقات پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں۔“
عمران خان نے کہا کہ” افغانستان ہمارا برادر اسلامی ملک اور ہمسایہ ہے،دونوں ممالک کے عوام صدیوں پر محیط برادرانہ تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں،پاکستان نے 40 برس تک افغان مہاجرین کی خدمت کی ہے۔ محض ناقص حکمتِ عملی کے باعث برسوں پر محیط مہمان نوازی کے اثرات ضائع کئے جارہے ہیں۔250 ملین نفوس پر مشتمل قوم پر 1.5 ملین مہاجرین کچھ زیادہ بوجھ نہیں۔ اپنی دھرتی سے نکالے جانے اورپناہ کی تلاش میں پاکستان آنے والے مہاجرین کا بڑا حصہ غریب ترین افراد پر مشتمل ہے،پورے معاملے کو تہذیب، شائستگی اور حکمت سے نہ نمٹائے جانے کی وجہ سے پوری افغان قوم میں پاکستان کے حوالے سے منفی جذبات جنم لیں گے“۔
یہ بھی پڑھیں : بشریٰ بی بی اورلطیف کھوسہ کی آڈیو لیکس ،آئی ایس آئی کو سراغ لگانے کا حکم