مالاکنڈ (بیورو رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما انجینئر امیرمقام نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو شدید برف باری کی پیش گوئی کر دی گئی ہے، انتخابات 3 سے 4 ہفتے کیلئے ملتوی کئے جائیں۔امیر مقام کے اس مطالبے کے بعد ملک میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما انجینئر امیر مقام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قوم میاں نواز شریف کی طرف دیکھ رہی ہے، مسلم لیگ ن کی ٹیم قابل لوگوں پر مشتمل ہے، نوازشریف نے ملک سے لوڈشیدنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، 2017ءکے بعد ملک کے حالات خراب ہوئے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ملک کو کیا دیا؟خیبرپختونخوا کی عوام نواز شریف کو وزیراعظم دیکھنا چاہتی ہے۔امیر مقام نے کہا کہ ہماری مخلوط حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، اگر ملک کو ترقی کی راہ پر چلانا ہے تو نوازشریف کا آنا ضروری ہے، خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں، پرویز خٹک خواب دیکھ رہا ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ مجھ پر کئی خودکش حملے ہوئے مگر عوام کے درمیان ہوں، تمام اضلاع کی تنظیموں کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اختیار دیا ہے، سابق وفاقی وزیر لعل محمد خان کے فرزند محمدنعیم خان مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ہیں۔
