لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)نے پارٹی کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت ایڈووکیٹ کی لاہور ہائی کورٹ کے گیٹ سے گرفتاری پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق شیر افضل مروت ایڈووکیٹ کی گرفتاری پر ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے احاطے سے شیر افضل مروت کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں،شیر افضل مروت کی گرفتاری ملک میں رائج لاقانونیت اور اہلِ اقتدار کے خوف اور بوکھلاہٹ کی مظہر ہے،ان غیر آئینی و غیر قانونی حربوں کا مقصد الیکشن سے فرار اور “لندن پلان” کے تحت لائے گئے بھگوڑے کو ملکی سیاست اور اقتدار پر قابض کرنا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف قائدین کی غیر قانونی گرفتاریوں میں مجرمانہ سہولت کاری کرنے والی غیر آئینی نگران حکومت جرم میں برابر کی شریک ہے،عدلیہ کی مسلسل خاموشی ان جرائم اور مسلسل غیر قانونی اقدامات کی حوصلہ افزائی کا باعث بن رہی ہے۔ترجمان تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان اوچھے ہتھکنڈوں سے نہ حقیقی آزادی کی تحریک رکے گی اور نہ ہی پارٹی قائدین و کارکنان کے حوصلے پست ہونگے۔
