لاہور(سٹاف رپورٹر)میٹرو بس اور اورنج ٹرین میں سفر کرنیوالے طلبا کے لئے پریشان کن خبر سامنے آ گئی،نگران پنجاب حکومت نے لاہور میں موسم سرما کی تعطیلات کے دوران میٹرو بس اور اورنج ٹرین میں طلبا کے مفت سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی کا کہنا ہے کہ میٹرو بس اور اورنج ٹرین میں 16 دسمبر 2023 سے طلبا کے مفت سفر کی سہولت تا حکم ثانی ختم کر دی گئی ہے،موسم سرما کی تعطیلات کے اختتام پر طلبا کی مفت سفر کی سکیم کے دوبارہ اجرا کا فیصلہ کابینہ کرے گی۔یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت نے معذور افراد،بزرگ شہری اور طالب علموں کے لئے میٹرو بس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین میں مفت سفر کی منظوری دی تھی۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان میں پنجاب کابینہ کے منعقد ہونے والے 25 ویں اجلاس میں مفت سفری سہولت کی منظوری دی گئی تھی۔
