ضمنی انتخابات میں جیت:عمران خان نے فیض احمد فیض کی نظم شیئر کر دی

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد سوشل میڈیا پر فیض احمد فیض کی نظم شئیر کی ہے۔عمران خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر فیض احمد فیض کی نظم بس نام رہے گا اللہ کا شئیر کی جس پر صارفین نے عمران خان کو مبارکباد بھی دی۔عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ سب سے پہلے میں مسلم لیگ نواز کے امیدواروں ہی کو نہیں بلکہ پوری ریاستی مشینری خصوصا پولیس کے جبر و ستم اور مکمل طور پر ایک متعصب الیکشن کمیشن کو شکست دینے پر پاکستان تحریک انصاف کے اپنے کارکنان اور پنجاب کے ووٹرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔عمران خان نے مزید کہا کہ میں اپنے تمام اتحادیوں مسلم لیگ ق،مجلسِ وحدت المسلمین اورسنی اتحاد کونسل کابھی شکرگزار ہوں۔یہاں سے آگے کا واحد رستہ ایک ساکھ کےحامل الیکشن کمیشن کی زیرِنگرانی آزادانہ وشفاف انتخابات کاانعقادہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی دوسرا راستہ محض سیاسی غیر یقینی میں اضافے اورمزید معاشی انتشارکی جانب لے کر جائےگا۔۔خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں 15 نشستیں جیت کر پاکستان تحریک انصاف دوبارہ پنجاب پر حکمرانی کی پوزیشن میں آگئی۔ ضمنی الیکشن میں 15 نشستوں پر کامیابی کے بعد صوبائی اسمبلی میں تحریک انصاف کے پاس 178 سیٹیں آچکی ہیں جب کہ ان کے اتحادی ق لیگ کے 10 ایم پی ایز کو ملا کر یہ تعداد 188 ہوجاتی ہے یوں پی ٹی آئی نے حکومت بنانے کے لیے درکار 186 نشستوں کا نمبر بھی حاصل کرلیا۔جب کہ مسلم لیگ ن کو ضمنی الیکشن میں 4 حلقوں میں کامیابی حاصل ہوئی جس کے ساتھ ان کے اراکین صوبائی اسمبلی کی تعداد 167 ہوگئی ، جس کو حکومتی اتحاد میں شامل پیپلزپارٹی کے 7 ایم پی ایز کی حمایت بھی حاصل ہے اس کے علاوہ 4 آزاد اراکین اور ایک راہ حق پارٹی کے رکن کو ساتھ ملا کر ان کے پاس 179 اراکین کی حمایت ہے جو کہ حکومت سازی کے لیے کافی نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں