”آج مخالفین کے ساتھ ہونے والا سلوک کل ان کے ساتھ بھی ہو گا“بلاول بھٹو زرداری نے ن لیگ کو خبر دار کر دیا

نوڈیرو(بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے مسلم لیگ ن کی قیادت کا نام لئے بغیر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی جمہوریت پریقین رکھتی ہے،جو مخالفین کے ساتھ ہو رہا ہے کل ان کے ساتھ بھی ہوگا،پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو عوام پر اعتماد کرتی ہے اور “طاقت کا سرچشمہ عوام” ہی ہمارا حقیقی منشور ہے،آج جو پاکستان کے عوام کے مسائل غربت،بیروزگاری،مہنگائی سمیت سب کا حل صرف ہمارے عوامی معاشی معاہدے میں موجود ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق نوڈیرو میں تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گالی گلوچ کی سیاست سے ہم ذاتی دشمنی تک پہنچ چکے ہیں،سیاسی استحکام ہمارے معاشی استحکام سے جڑا ہوا ہے،جیسا معاشی بحران آج ہے ویسے کبھی نہیں دیکھا،معاشرے میں تقسیم کا اثر بھی ہر گھر تک پہنچ رہا ہے،پاکستان پیپلز پارٹی اور دوسری سیاسی جماعتوں میں فرق یہ ہے کہ ہم جدوجہد،قربانی اور خدمت کرتے ہیں تو عوام کیلئے کرتے ہیں جبکہ دوسرے سیاست دان صرف اور صرف اپنے لیئے سوچتے اور اپنے لیئے ہی کام کرتے ہیں،اس بار ہم انشااللہ ملک کو بچائیں گے، 8 فروری کو پاکستان کے عوام ایک نئی سوچ چنیں گے،ایک ایسی سوچ جو پورے پاکستان کو متحد کر کے نہ صرف ان تمام مسائل کا مقابلہ کرے گی بلکہ اس میں فتح بھی حاصل کرے گی، پیپلزپارٹی ہر دور میں آئین،جمہوری نظام کادفاع کرتی رہی ہے،ہم نے پہلے ہی دن سلیکٹڈ راج کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا تھا، پیپلز پارٹی جمہوریت،18ویں ترمیم،این ایف سی پریقین رکھتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے ان قوتوں کا مقابلہ کیا جو آپ کے حق پر ڈاکا ڈالنا چاہ رہی تھیں،ان کی سازش تھی کہ پھر ون یونٹ قائم کیا جائے تاکہ سلیکٹڈراج چلتا رہے لیکن ہم نے مل کراس سازش کو ناکام بنایا،آپ نے 2018 میں بھی مجھے منتخب کروایا تھا،آپ نے ہمیشہ قومی اسمبلی میں بھیجا،میں نے ہمیشہ آپ کی امیدوں کے مطابق ذمہ داریاں پوری کرنے کی کوشش کی،آپ نے ماضی میں آمر دور کا مقابلہ کیا،پاکستان اس وقت ایک ایسی جگہ کھڑا ہے جہاں ایک جانب معاشی بحران ہے تو دوسری جانب معاشرتی اور سیاسی بحران،جبکہ امن وامان کی صورتحال کے اثرات پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں،اس وقت کسی کو کوئی فکر نہیں ہے کہ پاکستان کے عوام کتنی مشکل زندگی گزار رہے ہیں؟۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں