imran khan

جنرل باجوہ نے مجھے دھوکہ دیا، ملک تباہ کیا90،فیصد فوج پی ٹی آئی کو ووٹ دیگی ،عمران

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) بانی تحریک انصاف عمران خان نے انکشاف کیا ہے کہ 90فیصدفوج تحریک انصاف کو ووٹ دے گی ۔
نجی خبر رساں ادارے کے مطابق اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ باجوہ کے فیصلوں نے پاکستان کا بیڑا غرق کیا لیکن فوج کا اس میں قصور نہیں، نواز شریف انتخابی مہم چلانے کے لیے نکلا ہے بتائے کہ 16 ماہ تک کن ریلو کٹوں کی حکومت تھی جنہوں نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ،ہماری حکومت نے گروتھ ریٹ 6 اعشاریہ 7 فیصد پر چھوڑا جو انہوں نے صفر کر دیا، ہمارے دور میں مہنگائی 12 اعشاریہ چار فیصد تک گئی جو یہ 38 فیصد تک لے گئے، ہمارے دور میں دہشت گردی نیچے آئی ، افغان صدر اشرف غنی کی حکومت سے ہمارے اچھے تعلقات تھے لیکن ن لیگ حکومت نے افغانستان سے بھی تعلقات خراب کر دیے ان کی خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان تنہا ہو گیا۔
بانی تحریک انصاف نے کہا کہ ایران نے پاکستان میں حملہ کرکے غلط کیا ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، دشمن اسرائیل کوشش کرے گا کہ ہمارے تعلقات خراب ہوں پاکستان کی معیشت کی دگرگوں صورتحال ہے ان حالات میں ہمیں تنازعات میں نہیں پڑنا چاہیے ،حکومت نے افغانیوں کو نکال کر نفرت کو بڑھایاہے ۔ بندوقوں سے مسائل حل نہیں ہوتے، سیاسی حکومت سیاسی حل تلاش کرتی ہے،اس وقت تمام مسائل کا حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ 19 مارچ سے کہہ رہا ہوں کہ شفاف الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیںہے، میں نے حکومت بناکر غلطی کی مجھے دوبارہ الیکشن میں جانا چاہیے تھا ،میں قمر باجوہ کی چکنی چپڑی باتوں میں آگیا تھا جنرل باجوہ کو مدت ملازمت میں توسیع دینا میری دوسری غلطی تھی۔اب الیکشن کے بعد اتحادی حکومت بنانے سے بہتر ہوگا کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گندے الیکشن سے ملک میں مزید عدم استحکام پیدا ہوگا۔ پاکستان کی فوج ہماری فوج ہے 90 فیصد فوجی پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے، باجوہ نے ایوان صدر میں ملاقات میں کہا کہ ساری فوج تمہارے ساتھ ہے باجوہ کے فیصلوں نے پاکستان کا بیڑا غرق کیا لیکن فوج کا اس میں قصور نہیں ہے۔
بانی تحریک انصاف کا کہنا تھاکہ میں کسی مارشل لاکی نرسری میں نہیں پلا، ملک میں غیر یقینی صورتحال ہے عوام کا غصہ بڑھتا جا رہا ہے آٹھ فروری کو لوگ اپنا غصہ نکالیں گے، جج ہمایوں دلاور کا میچ فکس تھا اس کا فیصلہ معطل ہوگیا پھر بھی مجھے نااہل کر دیا گیا۔عدت کے کیس میں جو کچھ کیا گیا ایسا کبھی کسی اور ملک کی ایسٹیبلشمنٹ نے نہیں کیا ،خاور مانیکا کمزور نکلا ،اس کی جگہ میں ہوتا تو جان دے دیتا مگر ایسا بیان کبھی نہ دیتا،اس کیس سے پتہ چلتا ہے کہ اس کے پیچھے بیٹھے لوگ کتنے پست ذہن کے ہیں ۔انتخابات میں تحریک انصاف واضح اکثریت حاصل کرے گی ۔

یہ بھی پڑھیں : علی محمد کی ضمانت منسوخ،گرفتار کرنے کی کوشش ناکام ،پشاور ہائیکورٹ میں نگران حکومت کی درخواست خارج

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں