گاڑیوں کی رجسٹریشن؟محکمہ ایکسائز نے ایسا قدم قدم اٹھا لیا کہ صارفین خوشی سے کھل اٹھیں

لاہور(سٹاف رپورٹر)گاڑیوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے پریشان صارفین کے لئے بڑی خوشخبری آ گئی،محکمہ ایکسائز پنجاب نے ایسا قدم اٹھا لیا کہ صارفین کی بڑی مشکل حل ہو جائے گی۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق محکمہ ایکسائز،ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس پنجاب نے گاڑیوں کے لیے ایک ورچوئل رجسٹریشن کارڈ متعارف کرایا ہے،جس سے عوام کی بڑی مشکل حل ہو گئی ہے۔محکمہ ایکسائز نے عوام کی سہولت کیلئے لاہور میں”ایکسائز آپ کی دہلیز پر“سروس کا آغاز کر دیا ہے۔اسی حوالے سے چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے”دہلیز ایپ“ اور”ای رجسٹریشن کارڈ“کا افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ایکسائز کے اہلکار گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ملکیت کی تبدیلی کی سہولت گھر جا کر فراہم کریں گے،گورننس اور سروس ڈلیوری بہتر بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔سہولیات کی بروقت فراہمی،کرپشن کے خاتمے کیلئے سرکاری محکموں کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے،محکمہ ایکسائز کی جانب سے”دہلیز ایپ“اور ”ای رجسٹریشن کارڈ“کا آغاز ڈیجیٹائزیشن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔چیف سیکرٹری نے محکمہ ایکسائز کے کام کی تعریف کی اور مکمل سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر ڈی جی ایکسائز نے کہا کہ پہلے مرحلے میں”ایکسائز آپ کی دہلیز پر“سروس لاہور میں مہیا کی گئی ہے جس کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھایا جائے گا،محکمہ ایکسائز کے اہلکار شہریوں کو ان کے گھر جا کر گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کی خدمات فراہم کریں گے۔فیس کی ادائیگی بذریعہ آن لائن بینکنگ ہو گی۔ڈی جی ایکسائز کا کہنا تھا کہ گاڑی یا موٹر سائیکل مالکان کو موقع پر بھی رجسٹریشن نمبر الاٹ کر دیا جائے گا،ای رجسٹریشن کارڈ پاکستان کا پہلا ای ٹائٹل ڈاکیومنٹ ہے،محکمہ کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری کے شکر گزار ہیں،محکمے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے،ہم نے 18 سالہ پرانا موٹر رجسٹریشن سسٹم تبدیل کیا ہے۔واضح رہے کہ یہ اقدام نئے گاڑیوں کے مالکان کے لیے ایک مستقل تشویش کا حل ہے جنہیں فزیکل رجسٹریشن کارڈ جاری نہ کرنے کی وجہ سے ٹریفک پولیس سے جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اب،پنجاب میں وہ شہری جنہوں نے اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن کرائی ہے لیکن انہیں کارڈ نہیں ملے ہیں،وہ محکمہ کی ویب سائٹ پر جا سکتے ہیں،ویب سائٹ یا ایپلیکیشن کے ذریعے ورچوئل کارڈ ڈاون لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ڈپارٹمنٹ کی سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق، گاڑیوں کے مالکان کو اپنا رجسٹریشن اور چیسس نمبر درج کرنے کی ضرورت ہو گی ہے۔صارفین ای کارڈ حاصل کرنے کے بعد آسان رسائی کے لیے اسے اپنے موبائل پر ڈاون لوڈ اور سٹور کر سکتے ہیں،گاڑیوں کے مالکان کو رجسٹریشن کے ضروری طریقہ کار کو مکمل کرکے اپنے ورچوئل سمارٹ کارڈ آن لائن حاصل کرنے کی سہولت حاصل ہو گی۔یہ ورچوئل سمارٹ کارڈ محکمہ ایکسائز کی آفیشل ویب سائٹ سے آسانی سے ڈاون لوڈ کیے جا سکیں گے۔اہم بات یہ ہے کہ ان میں فزیکل کارڈز کی یکساں معلومات ہوں گی،جس میں گاڑیوں کا رجسٹریشن نمبر،مالکان کی تفصیلات اور گاڑی کی تفصیلات شامل ہوں گی۔پنجاب کے گاڑی مالکان کے لیے یہ پہلا ڈیجیٹل اقدام نہیں ہے۔صوبائی حکومت اور ٹریفک پولیس نے پہلے لرنرز پرمٹ کے آن لائن اجرا اور ڈرائیونگ لائسنس کی ڈیجیٹل تجدید کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی آن لائن رجسٹریشن اور تصدیق کی اجازت دی تھی۔ٹریفک وارڈنز کے سامنے قانونی تعمیل کو آسان بنانے کے لیے ایک ای ڈرائیونگ لائسنس بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں