عاشورہ محرم ،وزیراعظم آزاد کشمیر نے بڑا حکم جاری کردیا

مظفر آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ محرم کے دوران مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

محرم الحرام کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اتحاد بین المسلمین کے فلسفہ کو فروغ دیا جائے اور تمام مکاتب فکر امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں،علماءکرام کا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے کلیدی کردار ہے۔علماءکرام اورمشائخ عظام نے فرقہ وارانہ نفرتوں سے پاک معاشرہ کے قیام کے لیے ہمیشہ کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش اور بہترین بین المسالک ہم آہنگی موجود ہے، اس کو برقرار رکھنے کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں،آزادکشمیر میں عوامی سطح پر بھی اتحاد بین المسلمین کا شعور موجود ہے، جس کی وجہ سے فرقہ وارانہ ماحول پیدا نہیں ہوا،اسی شعور کے تحت محرم الحرام کے دوران اسلام کے لئے نواسہؓ رسول پاکﷺ کی قربانیوں کو یاد کرنے کے دوران امن و برقرار رکھنے کے لئے عوامی سطح پر بھی کوشش جاری رہنی چاہیے۔
وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کابینہ اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی فتح نے صورتحال واضح کر دی ہے۔ لوگوں کی امیدیں تحریک انصاف سے وابستہ ہیں،لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے وزراء اپنے حلقوں و ڈویڑنز میں کھلی کچہریاں لگائیں اور لوگوں کے مسائل سنیں، آزادکشمیر کے عوام نے بہت سے توقعات رکھ کر ہمیں ایوان اقتدار تک پہنچایا ہے، لوگوں کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہونے چاہیں اور تبدیلی نظر آنی چاہیے۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے اے کے ایم آئی ڈی سی ملازمین کو کابینہ کے فیصلے کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے، احتساب ایکٹ میں ترمیم بارے قائم کمیٹی کو حتمی سفارشات مرتب کرکے بریف کرنے اور احتساب بیورو کی پرفارمنس آئندہ اجلاس میں پیش کرنے اور محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے ملازمین کی پنشن کے حوالہ سے معاملہ آئین و قانون کے مطابق حل کرنے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں