اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ایران میں 9پاکستانیوں کو قتل کردیاگیا جس پر پاکستان نے اس واقعے کو دہشت گردی اور قابل نفرت واقعہ قرار دیتے ہوئے فوری تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ پاکستان ٹائم کے مطابق ایران میں دہشتگردی کے واقعے میں 9 پاکستانی شہید اور 5 زخمی بھی ہوئے ہیں، شہدا کا تعلق علی پور کے مختلف علاقوں سے ہے، شہید پاکستانی ایران میں مزدوری کا کام کرتے تھے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ایران کے صوبے سیستان بلوچستان کے علاقے سراوان میں پیش آنے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک ہولناک اور قابل نفرت واقعہ ہے، ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، پاکستان نے واقعے کی فوری تحقیقات اور گھنائونے جرم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ان کاکہناتھاکہ پاکستان اس سنگین معاملے سے پوری طرح آگاہ ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کر بھی کررہا ہے، میتوں کو جلد از جلد وطن واپس لانے کی پوری کوشش کریں گے۔
